یورپی یونین کی مبصرین کی ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی

اسلام آباد: پاکستان میں انتخابی عمل کے جائزے کے لئے یورپی یونین کی مبصرین کی ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان میں انتخابی عمل کے جائزے کے لئے آنے والے یورپی یونین کی مبصرین اور میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق بین الاقوامی مبصرین کو پاکستان کی خود مختاری، شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کا خیال رکھنا ہوگا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق بین الاقوامی میڈیا اور مبصرین سیاسی وابستگی اور امیدواروں سے غیرجانبدارانہ رویہ رکھنے کے پابند ہوں گے۔ بین الاقوامی مبصر اپنی ذاتی رائے ذرائع ابلاغ میں نہیں دے سکے گا، تاہم مبصر تنظیموں کا نامزد شخص جنرل الیکشن پر رائے دے سکے گا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق مبصر تنظیم عام انتخابات پر تجاویز سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا اور ویزا ختم ہونے پر عالمی مبصرین مزید قیام نہیں کرسکیں گے۔
ذریعے کے مطابق الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق 16 شقوں پر مشتمل ہے۔، جس کی خلاف ورزی پر عالمی مبصر مشن کا اجازت نامہ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
مشن کے سربراہ مائیکل گالر کہتے ہیں کہ مردم شماری کے سبب کئی حلقوں میں ووٹروں کی نمائندگی بہتر ہوئی ہے۔ کئی چیزوں پر سیاسی تنازعات ہوسکتے ہیں مگر الیکشن کمیشن بڑی حد تک صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب رہا ہے۔