اسلام آباد: بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ نگراں حکومت نے چیئرمین ایف بی آرکا بھی تبادلہ کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اینڈ انفارمیشن اورداخلہ کی وزارتوں میں اعلیٰ بیوروکریٹس تبدیل کردیئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اعلیٰ بیورو کریٹس کے علاوہ اب تک 2 ہزار سے زائد صوبائی بیوروکریٹس کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی مشاورت سے وفاقی بیوروکریسی میں7 وفاقی سیکریٹریزاورچیئرمین سی ڈی اے سمیت متعدد افسران کے تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ چیئرمین ایف بی آرطارق محمود پاشا کو سیکریٹری شماریات ڈویژن، سیکریٹری شماریات رخسانہ یاسمین کوچئیرمین ایف بی آر، سابق چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن کوسیکریٹری پاور ڈویژن، سیکریٹری پاور ڈویژن یوسف نسیم کھوکھر کو سیکریٹری داخلہ تعینات کردیا گیا ہے۔
سیکریٹری داخلہ ارشد مرزا کو سیکریٹری اطلاعات، احمد نوازسکھیرا کو سیکریٹری پروفیشنل ٹریننگ، سابق چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگ زیب حق کو سیکریٹری اسٹبلشمنٹ، سیکریٹری اسٹبلشمنٹ معروف افضل کو سیکریٹری صنعت و پیداوار، محمد ایوب شیخ سیکرٹری امور کشمیرجبکہ ڈاکٹرسلطان اعظم تیموری کو ممبر نیکٹا تعینات کردیا گیا ہے۔