اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کا کہنا ہے کہ کیپیٹل ایف زیڈ ای سے متعلق تمام دستاویزات قابل قبول شواہد نہیں اوران کا ایون فیلڈ جائیداد سے کوئی تعلق نہیں جبکہ نوازشریف کی کیپیٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت کی دستاویزات بھی تصدیق شدہ نہیں ۔
احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دینے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ دستاویزات یواے ای قانون کے مطابق تصدیق شدہ نہیں ۔ ان سے متعلق سنی سنائی بات کی گئی اوردستاویزات پرموجود مہر اوردستخط کا گواہ عدالت پیش نہیں کیا گیا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیپیٹل ایف زیڈای سے متعلق دستاویزات کا ایون فیلڈجائیداد سے تعلق نہیں اوراس سے متعلق تمام دستاویزات قابل قبول شواہد نہیں ، جے آئی ٹی نے کیپیٹل ایف زیڈ ای کی دستاویزات کیلئے ایم ایل اے نہیں لکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کے کیپیٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت کی دستاویزپیش کی گئیں جو تصدیق شدہ نہیں اورنہ ہی حسین نوازسے کیپیٹل ایف زیڈ ای کی دستاویزات سے متعلق سوال کیا گیا، نوازشریف کی ملازمت کے ایک معاہدے میں ترمیم کی گئی جبکہ استغاثہ کی طرف سے نہیں بتایا گیا یہ ترمیم کس نے کی۔