کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستاراور پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے شہبازشریف سے گزشتہ روز کے بیان پرمعافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستارکا کہنا ہے کہ اہلیان کراچی سے متعلق شہبازشریف کا بیان ہتک آمیزہے، شہبازشریف کوزبان اورالفاظ کے استعمال میں خیال برتنا چاہیئے، شہبازشریف کے لب ولہجے میں تکبراورغرور جھلک رہا تھا جواللہ کو بھی پسند نہیں۔
فاروق ستارنے کہا کہ شہبازشریف کو جب ووٹ چاہیئے توانہیں کراچی یاد آیا، اپنے دوراقتدارمیں (ن) لیگ نے کراچی اوراس کے عوام کو کیا دیا، کراچی کے وسائل پرڈاکا ڈالنے اوراسے نوچنے کے لیے ہر کوئی یہاں آجاتا ہے، شہبازشریف مردوں کی طرح کراچی کی حلقہ بندیوں اورمردم شماری میں کی گئی نا انصافی پر بات کریں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے عمران اسماعیل کی جانب سے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ شہبازشریف نے کراچی کو “ کرانچی” کہہ کراہل زبان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ اہل کراچی کو “پان” کا طعنہ دے کر شہبازشریف نے طنز کے نشتر برسائے، “پان” ہماری ثقافت کا حصہ ہے، شہبازشریف تضحیک اور توہین کرکے اہل کراچی پر حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں، ان کو علم نہیں کراچی والے بانیان پاکستان کی اولاد ہیں۔ شہبازشریف کے پاس اب کراچی سے انتخاب لڑنے کی کوئی گنجائش نہیں، انہیں کراچی سے شکست فاش ہوگی ۔