راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرباجوہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر پاک فوج ملک میں عام انتخابات 2018 کے آزادانہ، صاف اور شفاف انعقاد کے لیے اپنی خدمات پیش کرے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 211 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قومی فریضہ مکمل ذمہ داری سے انجام دیں گے۔ شفاف اور آزادانہ انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی ضروری معاونت کی جائے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ عام انتخابات 2018 کی اہم ذمہ داری نبھانے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی معاملات پر بھی فوکس رکھا جائے۔ ملک کی اندرونی سیکیورٹی اور ملکی دفاع سے توجہ ہٹائے بغیرالیکشن کے انعقاد میں مکمل معاونت کی جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کے جیواسٹریٹجک انوائرمنٹ اورسیکیورٹی سے متعلق بھی غور ہوا۔
کانفرنس میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مثبت کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ آپریشن رد الفساد میں ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں خطے میں قیام امن کی کوششیں جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں انتخابات میں سیکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو خط لکھ کر پاک فوج کے ساڑھے تین لاکھ اہلکاروں کی خدمات طلب کی تھیں جس کی وزارت دفاع نے حامی بھرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے تینوں مسلح افواج کے ریٹائرڈ فوجیوں کو الیکشن ڈیوٹیوں کے لئے طلب کرلیا ہے جبکہ ریٹائرڈ جوانوں کے پاس بھی مکمل اختیارات ہوں گے۔