اپیلٹ ٹربیونل نے این اے 67 جہلم سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری ،پی پی 126 سےپی ٹی آئی امیدوار راشدہ یعقوب کو اوراین اے 65 سے تحریک انصاف کے سردار غلام عباس کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایپلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس عبدالرحمان لودھی نے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ سناتے ہوئے انھیں نااہل قرار دے دیا۔
الیکشن ٹریبونل نے فوادچوہدری کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔
درخواست گزار نے فواد چوہدری پر کاغذات نامزدگی میں ٹیمپرنگ کاالزام لگایا تھا۔
فواد چوہدری کے وکیل کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان سے کاغذات نامزدگی میں غلطی ہوگئی جس پر وہ معذرت کی درخواست جمع کرائیں گے لیکن اس جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔
ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے جسٹس عبادالرحمان لودھی کیخلاف پاکستان بار کونسل اور سپریم جیوڈیشل کونسل سے رجوع کا اعلان کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، مجھے پیغام آیا کہ افتخار چوہدری کیخلاف پریس کانفرنسز نہ کریں ورنہ آپ کا انتخاب متاثر ہوگا، افتخار چوہدری اور اسکی باقیات کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی، عبادالرحمان لودھی افتخار چوہدری کے چہیتے جج ہیں، اس فیصلے میں میرٹ کی بنیاد پر کوئی مواد نہیں۔
اپیلٹ ٹربیونل نے پی پی 126 جھنگ سے پی ٹی آئی امیدوار راشدہ یعقوب کی اپیل مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کیلیے نااہل قرار دیا۔ راشدہ یعقوب کے شوہر شیخ یعقوب کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے گئے۔ درخواست گزار نے کہا کہ دونوں میاں بیوی نجی کمپنی کے نام پر لیے گئے قرض میں نادہندہ ہیں۔
اپیلٹ ٹربیونل نے پی ٹی آئی کے سردار غلام عباس کو این اے 65 اور پی پی 23 کلر کہار سے پی ٹی آئی امیدوار سردار آفتاب اکبر کو الیکشن لڑنے کےلیے نااہل قرار دے دیا۔ این اے 66 جہلم سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بلال اظہر کیانی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔ بلال کیانی کے کاغذات دوہری شہریت پر مسترد کیے گئے۔