مریم نواز کا حلقہ ایک بار پھر تبدیل، این اے 127 سے ٹکٹ جاری

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیرِاعظم کی صاحبزادی مریم نواز کاحلقہ ایک مرتبہ پھر تبدیل کرتے ہوئے انھیں لاہور کے حلقہ این اے 127 سے ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔
مریم نواز کو پہلے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 سے انتخاب لڑانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن پھر مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کی گئی امیدواروں کی انتخابی فہرست کے مطابق مریم نواز کو این اے 125 لاہور سے ٹکٹ جاری کیا گیا۔
اب ایک بار پھر مریم نواز کا حلقہ تبدیل کر کے انہیں این اے 127 سے ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق این اے 127 میں مریم نواز کا مقابلہ تحریکِ انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ سے ہو گا۔
ذرائع مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ این اے 125 سے پرویز ملک کو ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین کا کہنا ہے کہ این اے 127 پر مریم نواز ہیں جب کہ این اے 125 سے انتخاب لڑنے کا میرا حق بنتا ہے۔