کلثوم نواز کی بیماری پر سیاست ہورہی ہے -مخالف جماعتوں کا الزام

 

لاہور :پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) بیگم کلثوم نواز کی بیماری پر سیاسی ڈرامہ کر رہی ہے۔شریف خاندان کی جانب سے کلثوم نواز کی بیماری کے بارے میںکوئی میڈیکل رپورٹ شائع نہیں کی گئی بلکہ شریف خاندان ان کی بیماری کے پیچھے چھپ رہا ہے ۔مریم نواز بڑے بڑے سن گلاسز لگا کر سیاسی بیانات دے رہی ہیں ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کلثوم نواز کو کروڑوں روپے خرچ کر کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں سیاسی وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے ۔ اگر ایسی حالت میں میری ماں ہو تو ہم سارا کچھ چھوڑ کر رونا شروع کردیں گے لیکن ان کی صاحبزادی مریم نواز بڑے بڑے سن گلاسز لگا کر سیاسی بیانات دے رہی ہیں ۔ یہ سب ڈرامہ ہو رہا اگر یہ سچ ہے تو ان کو کیوں چھپایا ہوا ہے۔ ہم کو موقع دیا جائے ہم ان کی خدمت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری ماں ہے جس مسلم لیگ ن نے ماں کو لوٹ کر کھا لیا وہ اپنی ماں کا کیا خیال کریں گے ؟ نواز شریف وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی ماں کو بیچ کر کھا یا ہے ۔ شہباز شریف نے جو کراچی کی تذلیل کی ہے اس پر کراچی شہباز شریف کو ووٹ نہیں دیگا ۔فصیل واوڈاکا کہنا تھا کہ ا للہ تعالیٰ کی لعنت نظر آنا شروع ہوگئی ہے ، کوئی بھاگ رہا ہے ،کوئی لیٹ رہا ہے اور اسحاق ڈار لندن میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے جس کو صحافیوں نے پکڑ لیا ۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن آنے کے بعد تمام آر اوز اور اے آراوز نے حلف لیا لیکن اب دوبارہ پورے سندھ میں تبادلے کئے جا رہے ہیں جو پری پول دھاندلی ہے ۔ انہوں نے کہا پان کھانا اور کرانچی کہنا تعصب ہے ۔ ایسا پرویز مشرف نے بھی کہا تھا یہ ثقافتی تعصب ہے جس طرح پشتون کہتے ہیں کہ جب فلموں میں دہشت گردوں کو دکھانا ہوتا ہے تو پشتونوں جیسا لباس پہنا کر پیش کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور کی چند گلیوں پر اربوں روپے خر چ کردیئے ،پہلے صاف پانی کا تو حساب دیدیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بیگم کلثوم نواز کے معاملے پر اعتزاز احسن کے ریمارکس سے اتفاق کرتی ہوں ۔ یہ سارے چھپ رہے ہیں اور کلثوم نواز کی بیماری پر سیاست کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا میں حلقے کی سیاست کرتی ہوں جب کوئی میرے پاس آتا ہے اور کہتا ہے کہ میری بیوی کو کینسر ہے تو وہ پوری فائل لیکر آتا ہے لیکن ہم نے بیگم کلثوم نواز کی کوئی میڈیکل رپورٹ نہیں دیکھی اور نہ ہی کسی ڈاکٹر کی گفتگو سنی ہے، ہمارے پا س کلثوم نواز کی بیماری کی معلومات کا کوئی ذریعہ نہیں ہے سوائے ان کی صاحبزادی مریم نواز کے جو ٹوئٹ کرتی رہتی ہیں۔