الیکشن کے باعث احتساب کا عمل نہیں روک سکتے- نیب

 

اسلام آباد:نیب ترجمان نوازش علی نے کہا ہے کہ چودھری نثار کے حلقے میں ان کے مد مقابل امیدوار راجہ قمر الاسلام کو کلیئر نس سرٹیفکیٹ نہیں دیا ۔ نیب کے پاس ان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔ نیب کا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں،نیب کسی کے ساتھ سیاسی بغض نہیں رکھتا اور نہ ہی نیب سیاسی ادارہ ہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نیب کے ترجمان نوازش علی کا کہنا تھا کہ نیب کو ئی سیاسی ادارہ نہیں ، قانون کی نظر میں سب لوگ برابر ہیں،نیب کسی کے ساتھ بغض نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے الیکشن کی وجہ سے احتساب کا عمل نہیں روکا جاسکتا ہے ۔ قمر الاسلام کو باربار بلایاگیا لیکن وہ نہیں آئے اور جب یہ پرسوں ہمارے پاس آئے تو ہم نے ان کو ان کے خلاف ثبوت دکھائے تو ان کا کہنا تھا کہ میں نا ن ٹیکنیکل آدمی ہوں لیکن جب پتہ کرایا گیا تو پتہ چلا کہ یہ تو انجینئر ہیں۔ پنجاب کمپنیوں کے ریکارڈ سے بہت سی چیزیں سامنے آئی ہیں ۔ قمر لااسلام نے من پسند کمپنیوں کو ٹھیکے دیئے اس لئے ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں تھی کہ ان کو گرفتار نہ کرتے ۔نیب کے پاس ان کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ہم فیس نہیں کیس دیکھتے ہیں ۔

قمر الاسلام کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ نہیں دیا گیا اورجو سرٹیفکیٹ ان کو دیا گیا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے ابھی پلی بارگین نہیں کی اور نہ ہی ان خلاف ابھی تفتیش ہوئی ہے ۔ ان کو گرفتاری کے بعد دوسرے دن عدالت میں پیش کردیا تھا، جہاں انہوں نے اپنا نقطہ نظر عدالت کے سامنے رکھا ۔نیب صرف پنجاب میں ہی متحرک نہیں ہے ۔ سندھ سے بھی جن لوگوں کے خلاف شکایات ہیں ان کو بلایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے سب سے زیادہ کارروائیاں سند ھ میں کی گئی ہیں اور نیب کا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔