اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی حاضری سے مزید ایک دن استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
آج سماعت کے موقع پر مریم نواز کے وکیل ایڈووکیٹ امجد پرویز نے حتمی دلائل کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ کوشش کریں گے کہ حتمی دلائل جلد مکمل کرلیں۔
امجد پرویز نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی طرح میں 7 دن نہیں لوں گا بلکہ تین سے چار دن تک حتمی دلائل مکمل کرلوں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے حتمی دلائل مکمل کرلئے تھے۔