اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت 30 ارب روپے مل گئے ہیں اور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک 15 ہزار افراد اپنے اثاثے ظاہر کرچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپریل کے فنانس بل میں منظور کی جانے والی ایمنسٹی اسکیم دو دن بعد یعنی 30 جون کو ختم ہورہی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 15 ہزار افراد ایف بی آر میں اپنے اثاثے ظاہر کرچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد اندرون ملک پاکستانیوں کی ہے۔ اندرون ملک سے تقریباً 10 ہزار سے زائد افراد نے اپنے اثاثے ظاہر کئے جبکہ بیرون ملک سے 4 ہزار 913 افراد نے اپنے اثاثے ایف بی آر کو بتایا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایمنسٹی اسکیم کے تحت ایف بی آر کو ٹیکس کی مد میں 30 ارب روپے موصول ہوئے جبکہ مختلف افراد کی طرف سے 60 ارب روپے کے ٹیکس کے لئے چالان بھی بھردیئے گئے ہیں اور یہ رقم ایک دو روز میں ایف بی آر کو مل جائے گی۔
ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں کالا دھن یا اثاثے ظاہر کرنے کی وجہ پاکستان کا آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (او ای سی ڈی) کا ممبر بننا ہے اور ستمبر 2018 پاکستان اس تنظیم کا رکن بننے کے بعد تمام رکن ممالک سے پاکستانیوں کے اثاثوں کی معلومات لے سکے گا۔