پشاور: جسٹس وقار احمد سیٹھ نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا حلف اٹھا لیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے پشاور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ سے حلف لیا۔ اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دوست محمد خان، ہائی کورٹ کے جج صاحبان اور دیگر اعلیٰ حکام تقریب میں شریک تھے۔
دوسری جانب جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کے جج کا حلف اٹھالیا۔
سپریم کورٹ میں ہونے والی حلف برداری تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارنے جسٹس یحییٰ آفریدی سے حلف لیا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی پشاور ہائی کورٹ کے جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ معزز جج سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں ۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کےخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت سے معذرت کرلی تھی جس کے سبب بنچ ٹوٹ گیا تھا۔ سپریم کورٹ میں ہونے والی تقریب میں سینئر جج، وکلا اور ان کے عزیز واقارب نے شرکت کی۔