کراچی : شہرقائد میں مون سون کی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ مختلف علاقوں ہلکی اور تیزبارش ہوئی ہے اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
شہرقائد میں سپرہائی وے اورمتصل علاقوں، ملیر رزاق آباد، ایئر پورٹ اورملحقہ علاقوں، نیو کراچی سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور تیز بارشیں ہوئی ہے اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
کراچی میں گزشتہ کئی روز سے بادلوں نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں لیکن ہوائیں رک جانے کے باعث حبس اورگرمی سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا تھا۔ تاہم اب بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے گرمی کا زور ختم ہوگیا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارشوں کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے، تاہم بارشیں شدید نوعیت کی نہیں ہوں گی، زیادہ سے زیادہ 20 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔ کراچی میں جولائی اوراگست میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
اس سے قبل کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ نے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے نکاسی کے لیے خصوصی انتظامات شروع کردیئے تھے۔