شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قمرالاسلام کی انتخابی مہم کے دوران گرفتاری قابل مذمت ہے، مجھے اس گرفتاری پرتشویش ہے، اس طرح سیاسی قیادت کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا خوش آئندہ نہیں، نیب کو یہ تاثرختم کرنا چاہیئے کہ مسلم لیگ (ن) اس کے نشانے پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی رو سے عوام کی عدالت ہی سب سے بڑی عدالت ثابت ہوگی، آئین اورقانون کے تحت عوامی عدالت میں پیش ہوچکے ہیں، عوام کی عدالت کو اپنا فیصلہ کرنے دیا جائے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ ہماری خدمت کی سیاست کو جرم بنانا درست نہیں ، ہم نے ماضی میں بھی ایسے ہتھکنڈوں کو عوامی عدالت کے فیصلوں سے ناکام بنایا، آج بھی عوام کی عدالت مسلم لیگ (ن) کے خلاف جاری تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ (ن) لیگ کے خلاف انتقامی کارروائیاں انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، ایسی کارروائیوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پرشکوک و شبہات پیدا کردیئے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملکی اداروں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کرنا چاہیئے، کسی بھی ادارے کا ایسا اقدام جوجمہوریت کو نقصان پہنچائے وہ قابل تحسین نہیں۔