لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے اربوں روپیہ باہر لے کر جانے والوں کے خلاف آخری گیند تک مقابلہ کرنا ہے۔پاکستان کی تقدیرکا فیصلہ 25 جولائی کو ہوگا۔
عمران خان کا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتخابات میں لاہوراورپنجاب پورے پاکستان کا فیصلہ کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقابلے کے لیے کسی بھی پارٹی کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیئے،این اے 131 میں زبردست مقابلہ ہوگا اوریہاں سے ہم نے سارے لاہورکی مہم کو اٹھانا ہے، ولید اقبال این اے 131 کی انتخابی مہم چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے نام اب پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں، انتخابات میں مفادات کی سیاست کرنے والوں کو شکست ہوگی۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقابلہ اس جماعت کے ساتھ ہے جو30 سال سے پنجے گاڑھ کربیٹھی ہے۔
خیال رہے کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 پر عمران خان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے رہنما اورسابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ہوگا۔