الیکشن کمیشن امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کرے گا

اسلام آباد: عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کرے گا۔
ذرائع کے مطابق عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے الیکشن سے دستبردار ہونے کا آج آخری روز ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق انتخابی عمل کے لئے پہلے مرحلے میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس کے بعد امیدواروں کے نامزدگی فارمز کی اسکروٹنی کا عمل مکمل ہوا اور تیسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کی جائے گی اور کل انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔
انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد امیدوار یکم جولائی سے 23 جولائی تک انتخابی مہم چلا سکیں گے ۔ 25 جولائی کو عام انتخابات میں پولنگ کے لئے انتہائی سخت اقدامات کئے جائیں گے اور فوج کی نگرانی میں پولنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔