لاہور ہائیکورٹ نے ایپلٹ ٹریبونل کے شاہد خاقان عباسی کو تاحیات نااہل کرنے کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے این اے 57 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سابق وزیراعظم کی اپیل پر سماعت کی۔
شاہد خاقان عباسی نے آبائی حلقے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف خواجہ طارق رحیم کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز اپیل کی تھی۔
سابق وزیراعظم نے اپیل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایپلٹ ٹریبونل نے اختیارات سے تجاوز کیا، ٹریبونل کو تاحیات نااہلی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی بھی استدعا کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ابتدائی حکم میں شاہد خاقان عباسی کے کاغذات مسترد کرنے کا ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں انتخاب لڑنے کی اجازت دےدی۔