عام انتخابات 2018 کا پہلا نتیجہ آگیا۔ شبیر بجارانی بلا مقابلہ منتخب

ملک بھر میں عام انتخابات 25جولائی کو ہوں گے۔لیکن عام انتخابات 2018سے قبل ہی پہلا نتیجہ آگیا، سندھ کے شہر کشمور کے حلقے پی ایس6 سے پیپلزپارٹی کے رہنما میر شبیر علی بجارانی بلامقابلہ رکن منتخب ہوگئے۔
شبیر بجارانی حال میں ہی انتقال کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان بجارانی کے بیٹے ہیں، الیکشن کمیشن نے شبیر علی بجارانی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل سندھ کے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان خانی اور ان کی اہلیہ کی کراچی میں واقع رہائش گاہ سے لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
پہلے پولیس نے اسے قتل کی پراسرار واردات قرار دیا تھا جبکہ بعد میں تفتیش کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ فریحہ رزاق کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔
پولیس نے اس معاملے کو جوڑے کے درمیان کچھ عرصے سے چلنے والی ناچاقی کا شاخسانہ قرار دیا تھا۔