پاکستانی سائنسدان اور ان کی اہلیہ کی گمشدگی کی تحقیقات کا آغاز

اسلام آباد: وزارتِ دفاع کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کو تحریری طور آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی سائنسدان اور ان کی اہلیہ کی گمشدگی کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے،وزات دفاع کی جانب سے بتایا گیا کہ لاپتہ جوڑے کی تلاش میں خصوصی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس وقت طلب عمل کو مختصر وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی درخواست کی گئی۔
جسٹس اطہر من اللہ کو جمع کرائے گئے تحریری جواب میں وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس کے جنرل مینیجر نوزیر حسن اور ان کی اہلیہ امیمہ حسن انٹر سروسز انٹیلی جنس کی تحویل میں نہیں اور نہ ہی ملٹری انٹیلی جنس کی حراست میں ہیں۔
اس کے علاوہ وزارتِ دفاع نے مزید بتایہ کہ نوزیر حسن اور ان کی اہلیہ کا نام تمام حراستی مراکز کی فہرست میں چیک کیا گیا لیکن مذکورہ نام کسی لسٹ میں موجود نہیں ہے،
واضح رہے کہ سائنسدان اور ان کی اہلیہ کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے لاپتہ ہوئے تقریباً 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔