بھارتی اداکار شاہرخ خان کی کزن صوبائی الیکشن سے دستبردار

 

پشاور : شاہ رخ خان کی کزن نے پشاور سے صوبائی اسمبلی کے الیکشن لڑنے سے دستبرداری کا اعلان کردیا اور کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی چچازادبہن نورجہاں نے خیبر پختون اسمبلی کے حلقہ پی کے 77 پشاور سے الیکشن لڑنے کے لیے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نور جہاں کا کہنا تھا کہ ان کے آباو اجداد کا تعلق اے این پی سے رہا اور وہ اب بھی اے این پی کا حصہ ہیں تاہم ان کے بعض تحفظات تھے جو پارٹی قائدین نے دور کر دیئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی رہنما مسلسل ان کے ساتھ رابطے میں تھے اور ان کے اصرار پر اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔نور جہاں کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کو نقصان نہیں پہنچنا چاہتی اس لیے پارٹی امیدوار عمر مہمند کے حق میں الیکشن سے دستبردار ہوگئی ہیں ۔