کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے انتخابی ٹکٹوں کے حوالے سے کہا ہے کہ پارٹی کا کپتان میں ہوں لیکن سلیکٹر کوئی اور ہے، ٹکٹوں کی سلیکشن میں میرا کوئی کردار نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہےکہ عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے نہ صرف روایتی نشستیں جیتیں گے بلکہ خوشگوار حیرتوں کے تحفے بھی دیں گے۔
کراچی کی سٹی کورٹ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں تو اب بھی الیکشن لڑنے سے منع کررہا ہوں، رابطہ کمیٹی کو بھی کہا ہے لیکن کارکنان کی بڑی تعداد الیکشن لڑنے کا کہہ رہی ہے، رابطہ کمیٹی اور خالد مقبول کہتےہیں آپ کو لڑنا ہے، آپ کے بغیر ہماری پارلیمانی ٹیم مکمل نہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا ہےکہ پتنگ کے لئے اور الیکشن میں جان ڈالنے کے لئے آپ کا برانڈ ہونا ضروری ہے، اس پر سرتسلیم خم کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کا کپتان میں ہوں لیکن سلیکٹر کوئی اور ہے، ٹکٹوں کی سلیکشن میں میرا کوئی کردار نہیں، خالد مقبول اور ابطہ کمیٹی نے امیدواروں کا انتخاب کیا، میرے ساتھ جو لوگ تھے ان کی لسٹ دیدی اب کتنے سلیکٹ ہوئے یا نہیں ہوئے اس کا نہیں پتا۔
فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ہم نہ صرف اپنی ساری روایتی سیٹوں پر بھرپور کامیابی حاصل کریں گے بلکہ باقی سیٹوں پر بھی خوشگوار حیرتوں کے تحفے دیں گے۔ ہماری مہم سب سے آخر میں شروع ہوتی ہے لیکن استقامت، استقلال اور ثابت قدمی کے ساتھ کام کرتے ہیں، ہمیں پتا ہے ہمارا ووٹر منظم ہے۔
اس موقع ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما نے کہا کہ کیا سیاسی رہنما پنجاب اور کے پی کے بجٹ سے کراچی اور سندھ کو جائز حصہ دیں گے؟ عمران خان اور شہبازشریف کہیں کراچی کو مرکز سے وسائل دیں گے، تب یہاں کے عوام انہیں ووٹ دیں گے۔