سابق صدر آصف علی زرداری نے ناصر الملک کی نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیڑول کی قیمت میں مزید اضافہ نہ کریںاور عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہ ڈالیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ نگراں حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے گریز کرے اور نواز شریف حکومت کے ستائے عوام پر مزید ظلم نہ کرے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے غریب شخص زیادہ متاثر ہوگا اور مہنگائی بڑھے گی۔
واضح رہے کہ نگراں حکومت نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے اور اس حوالے سے وزارت خزانہ کو باضابطہ سمری ارسال کردی گئی ہے جس میں پیٹرولیم مصنوعات میں 12 روپے تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔