اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 57 مری کے ریٹرننگ افسر کی معطلی کا عدالتی حکم غیر قانونی قرار دے دیا۔
الیکشن ٹریبونل کے سربراہ جسٹس عبادالرحمان لودھی نے این اے 57 مری سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے نامکمل اور ٹمپرنگ شدہ کاغذات منظورکرنے پر ریٹرننگ افسر کو معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم الیکشن کمیشن نے اپیلٹ ٹربیونل کا حکم ماننے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ریٹرننگ افسر این اے 57 کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ اپیلٹ ٹربیونل کو ریٹرننگ افسر کی معطلی کا اختیار حاصل نہیں۔