کراچی:ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بااثر پولیس چیف تاحال عہدے پر براجمان ہیں، جس پر سیاسی جماعتوں کی جانب سےاعتراضات کیےجارہے ہیں،کراچی پولیس چیف مشتاق مہر کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرنے والی جماعتوں میں متحدہ قومی موومنٹ، متحدہ مجلس عمل اور پاکستان تحریک انصاف نے کیاہےتینوں جماعتوں کے مطابق ملک بھر کے پولیس اور انتظامی افسران کو تبدیل کر دیا گیا ہے جب کہ چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرل پولیس اور انتظامی افسران بھی تبدیل ہوگئے ہیں لیکن مشتاق مہر ابھی تک اپنے عہدے پر براجمان ہیں۔
کراچی پولیس آفس ذرائع کےمطابق دو ہفتے قبل پولیس چیف جب چھٹی پر گئے تھے تو وہ عملی طور پر عہدے کا چارج چھوڑ گئے تھے، انہوں نے افسران اور دفتری اسٹاف سے الوداعی ملاقاتیں بھی کرلی تھیں لیکن حکومت کی جانب سے ان کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مشتاق مہر نے گزشتہ دنوں گھر پہنچایا گیا اپنا ذاتی سامان بھی واپس دفتر منتقل کرلیا ہے ۔