لاہور: نیب نے پنجاب پولیس میں گھپلوں میں ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے نیب لاہور نے آئی جی پنجاب کولکھے گئے خط میں پولیس کیلئے سازوسامان کی خریداری میں گھپلے اوراس میں ملوث افسران کی تفصیلات طلب کی ہیں ۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کو مکمل ریکارڈ کی فراہمی کے لئے متعدد مراسلے لکھے جا چکے ہیں لیکن پنجاب پولیس نے تاحال مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا اس لئے نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے آئی جی پنجاب کو بھی مراسلہ بھیجا جائے۔
نیب لاہور نے ایس ایس پی عبد الرب چوہدری کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پرپنجاب پولیس میں 2012 سے 2015 کے دوران بلٹ پروف اور سردیوں کے جیکٹس کی خریداری کی چھان بین، ڈولفن ہیلمٹس، ہتھکڑیوں, چھتریوں اوراینٹی رائٹس فورس کے سامان کی خریداری میں مبینہ گھپلوں اورپولیس افسران کے کرپشن کے ذریعے ہاوسنگ سوسائٹی میں گھر اور بنگلے بنانے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس کے علاوہ آئی جی پنجاب آفس میں تعینات رجسٹرار اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مبینہ کرپشن کے شواہد جمع کرلئے گئے ہیں۔