لندن : ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش سست روی کا شکار ہے اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی چیف کے مطابق قتل کے تانے بانے برطانیہ سے باہر جاتے ہیں اس لیے تفتیش آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ مسائل حل کرنا ہوں گے۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ کی چیف کریسیڈا ڈک نے کہا کہ عمران فاروق کیس پر بڑا خرچہ کیا ہے، قاتلوں کو ضرور پکڑیں گےاس لیے دفترخارجہ ومتعلقہ حکام سے مل کر معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھا رہے ہیں۔
برطانوی لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی میں عمران فاروق قتل کیس کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا بانی ایم کیو ایم کو انگلینڈ میں ’استثنا‘ حاصل ہے؟،لوگ یہ بھی پوچھتے ہیں کہ عمران فاروق کے قاتل کیوں نہیں پکڑے جاتے؟۔
ناز شاہ نے مزید کہا کہ عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ اور ان کے بیٹے ان دنوں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ۔
خیال رہے کہ عمران فاروق کو 2010 میں لندن میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔