لاہور: سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی کزن سائرہ بانوعام انتخابات میں ن لیگ کے مدمقابل الیکشن لڑرہی ہیں ۔
سائرہ بانو کا تعلق پاکستان کے مشہورپہلوان خاندان سے ہے۔ وہ مرحوم پہلوان زبیرعرف جھارہ کی بیوہ ، نامورپہلوان گوگا کی صاحبزادی اورگاما پہلوان کی پوتی ہیں ۔ وہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 149 سے تحریک اللہ اکبر( ملی مسلم لیگ) کی امیدوار ہیں ۔
سائرہ بانو کہتی ہیں وہ ’’ سب سے پہلے پاکستان کے نعرے ‘‘ پریقین رکھتی ہیں اور2013 میں وہ سابق صدر پرویزمشرف کی پارٹی آل پاکستان مسلم لیگ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ 120 سے نوازشریف کے مدمقابل امیدوارتھیں تاہم آل پاکستان مسلم لیگ نے الیکشن نہیں لڑا تھا اوروہ نوازشریف سے الیکشن میں مقابلہ نہیں کرسکی تھیں ۔
انھوں نے کہا کہ وہ 2018 کے انتخابات میں بھی قومی اسمبلی کے حلقہ 120 سے الیکشن لڑنا چاہتی تھیں جو نئی حلقہ بندیوں کے بعد حلقہ 125 بن گیا ہے لیکن ان کے دیورعابد اسلم اس حلقے سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں اور پھر یہ اعلان سامنے آیا کہ ان کی بھانجی مریم نواز اس حلقے سے الیکشن لڑیں گی اس لئے انھوں نے صوبائی حلقے سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ۔
انھوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ لاہور کی بیٹی ہیں اس شہر کے ایک مشہور پہلوان قدیم خاندان سے وابستہ ہیں جسے لوگ بخوبی جانتے ہیں، انشا اللہ وہ الیکشن میں کامیاب ہونگی ۔