حیدر آباد: آئی جی سندھ کی جانب سے محکمہ سندھ پولیس افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کردیئےگئے۔
واضح رہے کہ نگراں حکومت کی جانب سے عام انتخابات کو مکمل شفاف، بدعنوانی اور دھاندلی سے بچانے کے لئے ملک بھر میں بیورو کریسی میں اکھاڑ بچھاڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی کے تحت محکمہ سندھ پولیس افسران کے بھی بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کئے ہیں۔
آئی جی سندھ نے الیکشن کمیشن پاکستان کے منظوری کے بعد صوبے بھر کے 184 ڈی ایس پیز کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کردیئے۔
ایس ڈی پی او ٹھٹھہ اے ایس پی عبدالله لک کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں ایس ڈی پی او کینٹ مقرر کردیا گیا جبکہ کینٹ میں تعینات ڈی ایس پی امتیاز علی بلوچ کا تبادلہ کرکے ایس ڈی پی او سلطان کوٹ شکار پور مقرر کردیا گیا۔
حیدرآباد میں بھی گیارہ سب ڈویژنل پولیس آفیسرز اور ڈی ایس پیز کے تبادلے ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اے ایس پی پھلیلی زاہدہ پروین کا ٹرانسفر نہیں ہوا ہے اور وہ بدستور ایس ڈی پی او پھلیلی فرائض انجام دیتی رہیں گی۔