ملتان: مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اقبال سراج نے تشدد کا نشانہ بنانے اور خطرناک نتائج کی دھمکیاں دینے کے معاملے کی تردید کردی۔
رانا اقبال سراج نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ان کے گودام پر پیش آئے جس واقعے کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ غلط فہمی کا نتیجہ تھا۔ ان کے گودام پر محکمہ ذراعت کے حکام آئے اور اداروں کے بارے میں ان کی جو غلط فہمی تھی وہ دور ہوچکی ہے اور ان کے معاملے سے کسی ادارے کا کوئی تعلق نہیں اور وہ اپنے گزشتہ بیان کی تردید کرتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے رانا اقبال سراج کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملتان میں ہمارے امیدوار رانا اقبال سراج کو تھپڑ مارے گئے اور خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو طوفان اٹھے گا جسے سنبھالنا مشکل ہوگا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اقبال سراج پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو یکساں سیکورٹی کی فراہمی کے لئے احکامات جاری کر چکے تھے۔