کراچی کے علاقے این اے 246لیاری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ انتخابی مہم شروع کرنے والی پیپلز پارٹی کی لیا ری کی طرف جاتی ریلی کو جونا مسجد کے قریب مظاہرین نے روک لیا ،مظاہرین نے بلاول بھٹو زرداری کے گاڑی کے سامنے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی۔اس دوران مشتعل افراد نےگاڑی پر حملہ بھی کیا اور ڈنڈوں سے ان کے قافلے میں شامل متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول لیاری کے دورے پر پہنچے تو ایک مقام پر سیکڑوں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور قافلے کو آگے جانے سے روک دیا۔ نامعلوم مشتعل افراد نے بلاول کے قافلے پر حملہ کردیا اور شدید نعرے بازی کی جب کہ پولیس موبائل سمیت متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔ ہنگامہ آرائی میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مشتعل مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر اٹھارکھے تھے اور جیسے ہی بلاول بھٹو کی گاڑی قریب آئی تو عوام کے جمِ غفیر نے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور شکایات کے انبار لگا دیئے۔
پانی کے لئے پریشان مظاہرین کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی سمیت قافلے کی دیگر گاڑیوں پر بھی پتھراؤ کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری کے حامی اور مخالفین کے درمیان شدید پتھراؤ ہوا جس پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شیلنگ کی اور بلاول بھٹو زرداری کی ریلی کا راستہ موڑ دیا۔
لیاری میں پانی کے لیے احتجاج اور پتھراؤ کا سامنا کرنے کے بعد بلاول چاکیواڑہ پہنچے جہاں انہوں نے لوگوں سے خطاب کیا۔
بلاول نے کہا کہ اگر لیاری کو پانی دینے کے لیے سمندر کا پانی میٹھا کرنا پڑا تو وہ بھی کریں گے۔
بلاول نے کہا کہ میں آپ کے مسائل حل کر سکتا ہوں، یہ میرا پہلا اور کئی لوگوں کا آخری الیکشن ہے۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر انتخاب لڑیں گے جس میں آبائی حلقہ لاڑکانہ سمیت لیاری اور مالاکنڈ کا حلقہ شامل ہیں۔