بلاول کے قافلے پر پتھراؤ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر لیاری میں پتھراؤ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اپنے حلقہ این اے 246 ریلی کی صورت میں لیاری پہنچے تو علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔ مشتعل مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی کی اور بلاول بھٹو کے قافلے میں موجود گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے بھی برسائے جس کے بعد انہیں فوری طور پر علاقے سے واپس جانا پڑا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ کا سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں 13 مقامی افراد اور 400 سے زائد نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں حاجی باوا، رفیق بنگورہ اور اسماعیل سمیت 13 مقامی افراد نامزد ہیں جبکہ مقدمے میں بلوا کرنے، ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔