اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں پی ٹی آئی امیدوار کی دہری شہریت کیس سے متعلق سماعت میں عدالت نے بلال اظہر کیانی کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 66 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے رہنما بلال اظہر کیانی کی دہری شہریت کیس کی سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے این اے 66 جہلم سے امیدوار بلال اظہر کیانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ بلال کیانی کے وکیل نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں واضح کر دیا تھا کہ وہ دہری شہریت ترک کردیں گے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ صرف شہریت چھوڑنے کا کہہ دینا کافی نہیں ہوتا۔ دہری شہریت چھوڑنے کے سرٹیفکیٹ سے اہلیت شروع ہوگی، آپ اپنے ووٹر کو کہتے ہیں کہ میں پاکستانی ہوں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پہلے بلال کیانی نے دہری شہریت چھوڑ دی تھی یا نہیں۔
وکیل نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پہلے 7 جون کو دوہری شہریت چھوڑ دی تھی۔