مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم میں اصلی شیر لانے کیخلاف درخواست دائر

لاہور: انتخابات کی آمد آمد ہے تمام سیاسی جماعت کی جانب سے الیکشن مہم چلائی جارہی ہے۔ ایسے میں مریم نواز کی الیکشن مہم کے لئے ایک کارکن اصلی شیر میدان میں لے آیا۔ دوسری جانب انتخابی مہم میں اصلی شیر لانے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
مریم نواز کی الیکشن مہم کے لئے مسلم لیگ (ن) کے انتخابی نشان کا ہی استعمال کیا اور اصلی شیر لے کر پہنچ گیا۔ میاں ضیا کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کو پولنگ کے دن تک وہ روزانہ این اے 127 کی ہر گلی اور محلے میں شیر لے کر جائیں گے اور اپنی رہنما کی انتخابی مہم چلائیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں زندہ شیر کی نمائش کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، جس میں کہا گیا کہ زندہ جانوروں کی نمائش انتخابی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
درخواست منیر احمد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز اور دیگر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں زندہ شیر کی نمائش انتخابی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران شیر ، چیتوں ، جنگلی بلیوں ،زندہ جانوروں اور پرندوں کی نمائش روکنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد سے متعلق محکمہ وائلڈ لائف سے کارکردگی رپورٹ طلب کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جنگلی جانوروں کو قدرتی ماحول فراہم کرنے کی بجائے انتخابی مہم کا حصہ بنانا جانوروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ جانوروں کے تحفظ کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے تعینات ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور وائلڈ لائف کمیشن نے بھی جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انتخابی مہم میں اصلی شیر لانے سے شہریوں کی جان کوخطرہ ہے، اصلی شیر کو انتخابی مہم کے لئے استعمال کرنے پر پابندی عائد کی جائے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی نہ بنانے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دیا جائے۔