اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انتخابات میں التوا کسی صورت قبول نہیں کریں گے جبکہ اقتدار میں آکر فاٹا میں صوبائی الیکشن جلد ازجلد کرائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف 25 جولائی کے بعد قومی اور صوبائی حکومتیں بنائے گی جبکہ اقتدار میں آکر فاٹا میں صوبائی الیکشن جلد ازجلد کرائیں گے اور حکومت بناتے ہی فاٹا انضمام کو مکمل کیا جائے گا۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ انتخابات کو متنازع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، نواز شریف، مریم نواز اور ان کے حواری عام انتخابات اور اس کے نتائج کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر اداروں پر تنقید کررہے ہیں، نواز شریف کا بیانیہ ڈان لیکس سے شروع ہوا جو ناکام ہوگیا، ان کے بیانیے کی مذمت کرتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی صورت انتخابات میں التوا قبول نہیں کرے گی۔ پوری قوم انتخابات کے لئے تیار ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ تحریک انصاف کے علاوہ دوسری کوئی جماعت انتخابی مہم نہیں چلا رہی۔