ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اپنے دکھ کا تو فوری احساس ہوجاتا ہے لیکن جو دکھ وہ اوروں کو پہنچاتے ہیں اس کا انہیں احساس نہیں ہوتا۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف کو عدلیہ اور فوج سے محاذآرائی نہ کرنے کے میرے بیان سے دکھ ہوا تو یہ تو شہباز شریف بھی کہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب میں اپنا راستہ لے چکا ہوں اورواپسی کی کوئی گنجائش باقی نہیں، میں نے نواز شریف کے ساتھ کوئی بے وفائی نہیں کی اورنہ ہی ان کے خلاف کوئی بیان دیا، بس اتنا کہا کہ عدلیہ اور فوج سے محاذ آرائی نہ کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال پرنوازشریف نے کہا تھا کہ چوہدری نثار کی باتوں سے انھیں دکھ ہوا ہے لیکن انہوں نے آج تک ان کی کسی بات کا جواب نہیں دیا۔
گزشتہ روز بھی چوہدری نثارنے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ دشمنی انہوں نے نہیں بلکہ نواز شریف نے ان کے ساتھ کی ہے۔
خیال رہے کہ پاناما اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد سے نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات میں کشیدگی بڑھی جو اب کافی شدت اختیار کرچکی ہے اور چوہدری نثار برملا اس بات کا اظہار بھی کر چکے ہیں کہ ان کا اختلاف پارٹی سے نہیں بلکہ نواز شریف سے ہے۔
دوسری جانب چوہدری نثار اس مرتبہ عام انتخابات میں بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔