لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے دستبردار ہوگئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے مریم نواز نے اپنے وکیل تنویر ضیاء بٹ کی وساطت سے ریٹرننگ آفیسر آصف بشیر کو درخواست جمع کرائی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ این اے 125 سے الیکشن لڑنا نہیں چاہتیں، اس لیے بیلٹ پیپرپران کا نام اورنشان شائع نہ کیا جائے۔ ریٹرننگ آفیسر نے مریم نواز کی درخواست منظور کرلی ہے۔
واضح رہے کہ مریم نواز کو این اے 127 سے مسلم لیگ (ن) کا انتخابی ٹکٹ ملا ہے ۔ ان کے وکیل سے این اے 125 سے ان کے کاغذات واپس لینے میں تاخیر ہوگئی تھی جس کے بعد ریٹرننگ آفیسر قانون کے مطابق انہیں آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابی نشان الاٹ کردیا تھا۔
دوسری جانب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیاست میں تشددکی غلط روایت کو کچھ لوگوں نے پروان چڑھایا ہمیں پاکستانی سیاست میں تشددسے جلد جان چھڑانا ہوگی۔
ہارلے اسٹیٹ کلینک پہنچنے پرمیڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اختلاف پراظہاررائے کی آزادی ہونا چاہیئے لیکن کچھ لوگوں کی سمجھ میں یہ بات نہیں آتی جنھوں نے سیاست میں تشددکی غلط روایت کوپروان چڑھایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ والدہ کی طبیعت بہترہوتے ہی وہ بہت جلد پاکستان واپس جائیں گی۔