حکومت نے کرونا سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدام نہیں کیے۔فائل فوٹو
حکومت نے کرونا سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدام نہیں کیے۔فائل فوٹو

وفاداریاں بدلنے والےانتخابات میں کامیاب نہیں ہوں گے،شاہد خاقان عباسی

راولپنڈی:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارا وہی بیانیہ ہے جو نواز شریف کا بیانیہ ہے، تمام ادارے آئینی حدود میں رہیں، اس بیانیے میں کیا خرابی ہے، ملک کے سربراہ کی عزت نہیں ہوگی توملک کیسے چلے گا۔

راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اخلاقی فتح حاصل کرچکی ہے اورعوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کو توڑنے کے لیے پرویز مشرف نے نیب بنائی تھی،آج سب سے زیادہ ضرورت ہے کہ انتخابات کو غیر متنازع بنایا جائے، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت انتخابات کوشفاف بنائیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ تماشے ماضی میں دیکھ چکے ہیں، یہ معاملات نہیں چلتے، نوجوانوں کو روزگار الزامات سے نہیں معیشت مضبوط ہونے سے ملے گا، ملک کی معیشت صرف ن لیگ مضبوط کرسکتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فیصلے کا اختیارصرف عوام کو حاصل ہے، پیپلزپارٹی نے پانچ سال میں کچھ نہیں کیا، عمران خان نے 2013 میں کہا کہ نیا پاکستان دیں گے لیکن عوام نے انہیں مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور دیگرجماعتوں کے لوگ اپنا ضمیر بیچ کر پی ٹی آئی میں چلے گئے، وفاداریاں بدلنے والے لوگ انتخابات میں کامیاب نہیں ہوں گے، یہ الیکشن ہے سرکس نہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بے نظیر کی شہادت پر ہمدردی کا ووٹ پیپلز پارٹی کوملا، محترمہ کی شہادت کے بعد ہمیں زرداری ملا اورپاکستان کو تباہ کردیا گیا۔