کراچی: نقیب اللہ قتل کیس کی پیروی کرنے والے سیف الرحمان کو مبینہ طور پر دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔
مدعی مقدمہ کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی اور ایس ایس پی ملیر منیر احمد شیخ کو خط لکھا جس میں نقیب اللہ قتل کیس کی پیروی کرنے والے سیف الرحمان کو مبینہ دھمکیاں ملنے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
خط کے مطابق راؤ انوارکے ساتھیوں کی جانب سے سیف الرحمان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ سیف الرحمان کو فون کال پر کہا گیا ہے کہ راؤ انوار بے قصور ہے، مقدمات کی پیروی سے پیچھے ہٹاؤ۔ آئی جی سندھ اور ایس ایس پی ملیر سے سیف الرحمان کی سیکورٹی یقینی بنانے اور اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سیف الرحمان قومی اسمبلی کے حلقے این اے 242 سے سیاسی جماعت کے امیدوار بھی ہیں۔