نگراں وفاقی وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کے بعد وفاقی وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔
دستاویزات کے مطابق نگراں وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون کا بینک بیلنس 48 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے کراچی کی رہائش گاہ خاندانی وراثت ظاہر کی اور 25 ایکڑ زمین جیمس آباد بھی ان کی ملکیت میں شامل ہے۔ عبداللہ حسین ہارون نے 17 لاکھ کی سرمایہ کاری، 50 تولے سونا، 90 لاکھ کی لینڈ کروزر اور 28 لاکھ کی مرسڈیز بھی دستاویزات میں ظاہر کی ہے۔
نگراں وزیر قانونی علی ظفر کے دستاویزات کے مطابق ان کے پاس 28 کروڑ 38 لاکھ 6 ہزار 22 روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ ان کا بینک بیلنس 11 کروڑ 15 لاکھ 34ہزار 679 روپے ہے اور وہ ایک کروڑ 95 لاکھ 49 ہزار 499 روپے مالیت کی گاڑیوں کے بھی مالک ہیں۔ علی ظفر کے پاس دبئی میں 3 اپارٹمنٹ، لندن ڈبلیو ٹو میں گھر اور برمنگھم میں بھی گھر ہے جبکہ وہ پراپرٹی مورگیج کےنام پر 3 کروڑ 10 لاکھ 26 ہزار 250 روپے کے مقروض ہیں۔ اس کے علاوہ علی ظفر کی اہلیہ ایک کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار سے اثاثوں کی مالک ہیں، اور ان کے پاس 150 تولے سونا بھی ہے۔
نگراں وزیر داخلہ اعظم خان ایک کروڑ 45 لاکھ 29 ہزار سے زائد اثاثوں کےمالک ہیں۔ ان کے پشاور میں ایک گھر اور دو پلاٹ کی مالیت 65 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ وہ چارسدہ شوگرمل، پریمیئر شوگرمل مردان اور پریمیئر بورڈ مل مردان میں حصہ دار ہیں۔ اعظم خان کی اہلیہ پروین اعظم کے نام ایک کنال رہائشی پلاٹ ہے جس کی مالیت 30 لاکھ روپے ہے۔ ان کی اہلیہ کے پاس ساڑھے 6 لاکھ مالیت کا سونا بھی ہے جبکہ اعظم خان اور ان کی اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس میں کل رقم 43 لاکھ روپے موجود ہے۔
نگراں وزیرتعلیم محمد یوسف شیخ 2 کروڑ 34 لاکھ 69 ہزار 701 روپے اثاثوں کےمالک ہیں، ان کا بینک بیلنس 51 لاکھ 37 ہزار 801 روپے ہے۔ یوسف شیخ کا کراچی میں ایک گھر اور دادو میں بھی پلاٹ ہے۔ یوسف شیخ لاڑکانہ اور ٹھٹھہ میں زرعی زمین کے مالک ہیں جبکہ ان کی جائیداد کی کل مالیت ایک کروڑ 83 لاکھ سے زائد ہے۔
نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر 4 کروڑ 4 لاکھ 4 ہزار 746 روپے کی مالک ہیں، ان کے نام پر اسلام آباد میں 3 اور کراچی میں ایک گھر ہے اور ان کی جائیداد کی کل مالیت 28 لاکھ سے زائد ظاہر کی گئی ہے۔ ان کے پاس 2 کروڑ 77 لاکھ کے سیونگ سرٹیفیکیٹس ہیں۔ ان کی پی ایس او اور ایک نجی بینک میں 22 لاکھ سے زائد کی سرمایہ کاری ہے اور بینک اکاؤنٹس میں 72 لاکھ اور سونے کی مالیت 2 لاکھ روپے ہے۔