بلوچستان ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کو انتخابات میں حصہ لینے کےلیے نا اہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ افسر نے تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کے جعلی ڈگری اور قتل کے مقدمات کے الزامات میں کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل کی جس نے آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔
سردار یار محمد رند نے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیر لانگو پر مشتمل بینچ نے پی ٹی آئی کے امیدوار سردار یار محمد رند کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے سردار یار محمد رند کی نااہلی کا ریٹرننگ افسر اور اپیلٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے سردار یار محمد رند کے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
دوسری جانب سردار یار محمد رند نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔