الیکشن کے دوران 18 سیاستدانوں پر دہشت گرد حملوں کا خطرہ ہے۔نیکٹا

ملک بھر میں عام انتخابات 25جولائی کو ہوں گے اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ لیکن دوسری جانب نیکٹا کی جانب سے الیکشن کے دوران سیاستدانوں کی سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
نیشنل کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں انکشاف ہوا ہے کہ انتخابات 2018 کے دوران 18 سیاسی رہنماؤں پر دہشت گرد حملوں کا خطرہ ہے۔
نیکٹا حکام کے مطابق ممکنہ حملوں سے متعلق آئی ایس آئی اور آئی بی کی جانب سے نیکٹا کو آگاہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے تما م صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
نیکٹا حکام کے مطابق الیکشن کے دوران 12عام اور 6 مخصوص سیاسی شخصیات کے لئے تھرٹ الرٹ موصول ہوئی ہیں اوردہشت گردوں کی جانب سے سیاسی جماعتوں کی ٹاپ لیڈر شپ کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ جن سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے ان میں (ن) لیگ ، پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کی اعلٰی قیادت بھی شامل ہے۔