لاہور: پنجاب میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی مختلف حادثات و واقعات میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز سے ہونے والی موسلادھار بارشوں کے نتجے میں پورا لاہور ڈوب گیا۔ جس نے حکومت پنجاب کی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔
لاہور میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث شہر کی کئی اہم شاہراہیں اور گلیاں ندی نالوں کامنظر پیش کرنے لگی جبکہ انتظامیہ پانی نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے۔ نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیاہے، تالاب بنی گلیاں اور سڑکیں انتظامی اداروں کی ناقص کارکردگی کو ظاہر کر رہی ہیں۔
بارش کے باعث لیسکو کے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب تیز بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات و اقعات میں 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
لاہورمیں گزشتہ روز ہونےوالی بارش کے باعث جی پی او چوک کےسامنے پڑنے والا 20فٹ گہرا،40فٹ چوڑاشگاف بھر لیا گیا، گڑھا بھرنے کے لئے پاک فوج کی مدد طلب کی گئی۔ مقامی افراد کا ماننا ہے کہ کافی عرصے بعد لاہور شہر میں اس قدرطوفانی بارش ہوئی ہے، ضلعی انتظامیہ او واسا اہلکاروں نے علاقے سے نکاسی آب کا کام شروع کردیا ہے۔