30 سال باریاں لینے والوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔ عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 30 سال باریاں لینے والوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، قوم مقروض ہو چکی ہے، کبھی ایسی بےروزگاری نہیں تھی۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، مجھے فیصلہ ہوتے ہوئے نظر آ رہا ہے، سب سے بڑا امپائر اللہ تعالیٰ ہے اور اس کا فیصلہ آگیا ہے، اندھیری رات سے نکلنے کےلیے اللہ نے پاکستان کو زبردست موقع دیا ہے، وفاق میں حکومت بنانے کے لیے ہمارے پاس کافی نشستیں ہوں گی، میں اپنے امیدواروں سے کہتا ہوں گلی گلی جائیں اور ریلیاں نکالیں، کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، اس حوالے سے کرکٹ کی زبان میں کہا جاتا ہے کہ جب تک آخری گیند نہ ہوجائے تو فیصلہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم بڑے ہورہے تھے تو ملک کے ادارے مضبوط تھے، 60 کی دہائی میں ملک ترقی کررہا تھا۔ سب تباہی ہمارے سامنے ہوئی ہیں، آج ہم مقروض ہوتے جارہے ہیں، ادارے تباہ ہوگئے ہیں، اداروں کے ساتھ ملک ترقی کرتا ہے لیکن سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا، آج بنگلا دیش ہم سے آگے نکل چکا ہے، لاہور میں بارش نے ترقی کا پول کھول دیا، لاہور کو جو پیرس بنانا تھا وہ سب قوم کے سامنے آگیا، 30 سال باریاں لینے والوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، قوم مقروض ہو چکی ہے، کبھی ایسی بےروزگاری نہیں تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کے پی کی پولیس ماڈل پولیس بن گئی پر یہاں یہ نہیں ہوسکا، کراچی پولیس کو غلط استعمال کیا جاتا رہاہے، 6،6 باریاں لینے والے پولیس کو ٹھیک کیوں نہیں کر سکے، شہباز شریف پنجاب پولیس کے ذریعے ہی ماورائےعدالت لوگوں کومرواتے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جب تک کراچی میں تبدیلی نہیں آئے تب تک پاکستان نہیں اٹھ نہیں سکتا، عظیم ملک بنانے کاخواب کراچی کے بغیر مکمل نہیں ہوگا، 30 سال سے باریاں لینے والوں کے پاس کراچی کو ٹھیک کرنے کا کوئی حل نہیں، ہماری پہلی باری ہے اور باقی سب 6 باریاں لے چکے۔ ہم ابھی سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ کراچی کو کیسے پانی دینا ہے۔