بھارتی اسپتال میں انتقال کرنے والی 7 سالہ زینب سپردخاک

فیصل آباد: بھارت کے ایک اسپتال میں دل کی سرجری کے بعد انتقال کرنے والی 7 سالہ زینب کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔ زینب کی تدفین فیصل آباد کے مقامی قبرستان چوہڑ ماجرہ میں کی گئی۔


تفصیلات کے مطابق عارضہ قلب میں مبتلا کمسن زینب گزشتہ روز بھارت کے شہر لدھیانہ کے اسپتال میں سرجری کے بعد انتقال کر گئی تھی۔ جس کے بعد بچی کی میت واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان لائی گئی تھی اور میت پاکستان لانے میں پاکستانی ہائی کمیشن نے مکمل تعاون کیا تھا۔
زینب کے والد کے مطابق زینب کے دل میں 3 سوراخ تھے اور اس کے دل کا بایاں حصہ بھی کام نہیں کر رہا تھا۔
بچی کے والد کا کہنا تھا کہ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ پاکستان میں زینب کی سرجری کے سلسلے میں خطرات ہیں جس کے بعد انہوں نے بھارت میں بیٹی کے علاج کے لئے رابطہ کیا۔ جس کے بعد زینب کے والد اسے بھارتی شہر لدھیانہ لے گئے جہاں ایک اسپتال میں گزشتہ رات اس کی سرجری کی گئی اور اسے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا۔
والد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے کہا کہ زینب کی سرجری کامیاب ہوئی ہے لیکن آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں اور صبح 4 بجے زینب نے دم توڑ دیا۔