اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ دوسری جانب انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے سیاسی حل کے حامی ہیں۔ طالبان امن کے قیام کے لئے موقع کا فائدہ اٹھائیں گے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے اور عالمی برادری مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت سے اس ہفتے مزید 7 کشمیری شہید ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں اور اس ماہ حکومت پاکستان نے 471 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی۔
ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان بار بار کہہ چکا ہے کہ ہم افغانستان کے سیاسی حل کے حامی ہیں اور افغان صدر اشرف غنی کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طالبان امن کے قیام کے لئے موقع کا فائدہ اُٹھائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ جنوبی ایشیا کے لئے امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا دورہ پاکستان کامیاب رہا۔ امریکا نے پاک افغان بارڈر مینیجمنٹ جیسے اقدامات میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔