اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لئے درخواست دائر کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے جو کل 6 جولائی کو سنائے جانا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
نوازشریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل ظافر خان کے توسط سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لئے باضابطہ درخواست دائر کردی ہے جبکہ بیگم کلثوم نواز کی نئی میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ لگائی ہے۔
نواشریف نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہےکہ وہ اس ٹرائل کا حصہ رہے ہیں اور مسلسل عدالت آتے رہے لیکن ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبعیت شدید خراب ہوگئی۔
درخواست میں کہا گیاہےکہ جب سنا کہ احتساب عدالت فیصلہ سنانے جارہی ہے تو پاکستان جانے کے لئے ڈاکٹرز سے مشورہ کیا، ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی طبعیت میں بہتری تک نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مجبوری کے باعث 6 جولائی کو پاکستان نہیں آسکتے، جیسے ہی اہلیہ کی طبعیت بہتر ہوگی پاکستان آئیں گے لہٰذا کچھ دن کے لئے فیصلہ مؤخر کیا جائے۔