لاہور: نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اقبال کیس میں وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق نیب نے سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو آشیانہ ہاؤسنگ اقبال کیس میں آج گیارہویں مرتبہ طلب کیا تھا۔ جس پر وہ آج تیسری مرتبہ نیب لاہور کے سامنے پیش ہوئے۔
ذرائع کے مطابق نیب حکام نے فواد حسن فواد سے آشیانہ ہاؤسنگ اقبال کیس میں سوالات کئے جس کے وہ مناسب جواب نہ دے سکے جس پر نیب نے انہیں گرفتار کرلیا۔
فواد حسن فواد کی گرفتاری کی ڈی جی نیب نے بھی تصدیق کردی اور سابق پرنسپل سیکریٹری کے خلاف الزمات کی تفصیلات جاری کردی۔
ترجمان نیب کے مطابق فواد حسن فواد نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دے کر مجموعی طور پر خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ فواد حسن فواد نے 9 سی این جی اسٹیشنز کی منظوری دی۔ فواد حسن فواد نے سرکاری اجازت کے بغیر نجی بینک میں غیر قانونی طور پر ستمبر 2005 تا جولائی 2006 تک نوکری کی۔