لاہور:مسلم لیگ ن نےاپناسیاسی منشورپیش کردیا،منشور پیش کرتے ہوئےصدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نےکہاکہ آنے والے دنوں میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے،بھارت ڈھٹائی سےڈیم پرڈیم بنارہاہےاس لیےدیامربھاشاڈیم ہماری سب سےپہلی ترجیح ہے،انہوں نےکہاکہ ڈیموں کوبنانے کیلئے ہمیں اگر چندہ بھی اکٹھا کرنا پڑے تو کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے انتخابی منشور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرن لیگ شہباز شریف نے کہاکہ2013 کے انتخابی معرکے میں سیاسی جماعتوں نے منشورپیش کیا تھا،آج ن لیگ کا انتخابی منشورپیش کررہا ہوں،عوام کودیکھنا چاہیے کس نے اپنے منشورپرعمل کیا اورکس نے صرف اعلانات کیے ۔
شہباز شریف نے کہاکہ 2013 سے پہلے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پورا ملک سراپا احتجاج تھااوربجلی کی لوڈشیڈنگ سب سے بڑا مسئلہ تھاجس کے بعد مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی اور ن لیگ حکومت نے ہی اس بحران پر قابو پایا۔
شہباز شریف نےکہاکہ آئندہ حکومت ملی تو بچیوں کی تعلیم کےلیئےماہانہ وظیفے کابجٹ 200 ارب تک لیکرجائیں گےجبکہ پاکستان بھر میں صحت کارڈز کااجراء کریں گے،جو لوگ اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں گےان کو ایک ہزار روپےوظیفہ دیں گےجبکہ خواندگی کی شرح بڑھانےکےلیےپروگرام شروع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں برق رفتار اور شفاف منصوبے لگے،نواز شریف نےہیلتھ کارڈکا اجراکیااورحکومت نےزراعت کو مضبوط کیا، کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے گئے،جبکہ 5 سال میں پنجاب میں سڑکوں پر 100 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نےکہاکہ پنجاب بھر میں اسپتالوں کی شکل بدل چکی ہے،پورے ملک میں اسپتالوں کا نظام بہتر کریں گے،اس کے علاوہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنا اور افواج پاکستان کی مدد سے کراچی سمیت پورے ملک میں امن قائم کرنا ان کی جماعت کی بڑی کامیابیاں ہیں۔
کرپشن کےالزامات پرشہبازشریف نےکہاکہ’نیب کو چیلنج کرتاہوں کہ وہ ایک پائی کی کرپشن ثابت کردےجبکہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی سرمایہ کاری پر بھی کوئی اعتراض نہیں اٹھا سکتا۔