نوازشریف نے بھارت کیساتھ تعلقات بہتر بنانے کی ہرممکن کوشش کی : عمران خان

 

کراچی : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ میں نوازشریف کو اس بات کا کریڈٹ دینا چاہتاہوں کہ انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی ، نوازشریف نے ہر طرح سے اپنی بہترین کوشش کی یہاں تک کہ انہوں نے ذاتی طور پر مودی کو اپنے گھر میں بھی بلایا ۔

نجی انگریزی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہناتھا کہ1997 کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ جب تک ان لوگوں کو پارٹی میں شامل نہیں کریں گے جو کہ الیکشن لڑنا جانتے ہیں ،اس وقت تک ہم الیکشن میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتے ، یہ یورپ نہیں ہے جہاں آپ لوگوں سے مل کر اپنا مقصد بیان کرتے ہیں اور لوگ آپ کو ووٹ دینے کیلئے نکل پڑتے ہیں ، یہاں پاکستان میں پیسہ اور تجربہ کار پولنگ ایجنٹس کی ضرورت ہوتی ہے جوکہ الیکشن والے دن لوگوں کو گھروں سے نکال کر لاتے ہیں اور اگر آپ کے پاس یہ ایجنٹس نہیں ہیں تو پھر آپ الیکشن نہیں لڑ سکتے ۔

عمران خان نے نوازشریف کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے سب کچھ کیا یہاں تک کہ انہوں نے نریندر مودی کو اپنے گھر دعوت بھی دی ، لیکن میرا خیال ہے کہ بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی پالیسی ہے ، مودی کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بربریت کاملبہ بھی پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے ۔