اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ کسی سیاست دان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری نہیں کیے گئے ہیں، سرکاری افسران پریشان اور تذبذب کا شکار نہ ہوں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے نیب ایک قانونی ادارہ جو قانون کے مطابق کام کرتا ہے۔ نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میڈیا کو چاہیے کہ قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔گزشتہ روز جسٹس(ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہونے والے نیب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا مقدمات کا سامنا کرنے والے انتخابی امیدواروں کو عام انتخابات سے قبل گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
نیب کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں نے نیب کی کارروائیوں کو انتخاب سے قبل دھاندلی قرار دیا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے امیدواروں کے خلاف نیب کی کارروائیوں پر الیکشن کمیشن میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔